دریا سے لاشوں کی برآمدگی، ریسکیو کارکردگی کو خراج تحسین
دریا سے لاشوں کی برآمدگی، ریسکیو کارکردگی کو خراج تحسین اہلکار محمد حنیف کا چار لاشوں کی تلاش میں اہم کردار، تعریفی سند دینے کا اعلان
مظفرگڑھ،وسندے والی (نامہ نگار،سٹی رپورٹر) دریائے چناب کے مقام گانگا والا پتن، روہیلانوالی میں پانچ نوجوانوں کے ڈوبنے کے واقعے کے بعد سرچ آپریشن میں ریسکیو 1122 کے اہلکار ایف ڈی آر محمد حنیف کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ انہوں نے اسکوبا سرچ تکنیک کے ذریعے چار لاشوں کی تلاش میں اہم کردار ادا کیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق محمد حنیف نے تقریباً سات سے آٹھ گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران پیشہ ورانہ مہارت اور محنت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ستارۂ امتیاز نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر کی جانب سے بھی محمد حنیف کی نمایاں کارکردگی پر تعریفی سند جاری کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ انجینئر عبیداللہ خان نے بھی انہیں شاباش دی اور مشکل حالات میں ذمہ داری سے فرائض انجام دینے پر ان کی تعریف کی۔
سرچ آپریشن میں مختلف اضلاع کی واٹر سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک روز کے دوران دریائے چناب سے پانچ لاشیں برآمد کی گئیں۔ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہنا ضروری ہے ، کیونکہ اس سے ایمرجنسی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments