اختلافات بھلا کر تاجروں کی خدمت کی جائے ، خواجہ شفیق
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران و سرپرست اعلیٰ چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں، کامیابی کے بعد عہدیداروں کو خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے ۔
انتخابی مقابلے کو ذاتی مخالفت یا دشمنی کا ذریعہ بنانے کے بجائے اختلافات بھلا کر محبت، احترام اور مفاہمت کو فروغ دیا جائے ۔ مارکیٹوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تاجر تنظیموں کا قیام اور ان کا فعال کردار ضروری ہے ۔وہ انجمن تاجران چونگی نمبر 11 تا ریلوے پھاٹک کے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دینے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ خواجہ محمد شفیق، ملک طاہر ڈوگر، رانا محمد اصغر، خواجہ عمار یاسر، خواجہ احمد نبیل اور دیگر تاجر رہنما مبارکباد ریلی کی صورت میں تقریب میں پہنچے ۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں کا ڈھول کی تھاپ اور روایتی جھومر پارٹی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ وفد نے انہیں ہار پہنائے اور مٹھائی پیش کی۔خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے جمہوری حق کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لینے اور رائے دینے کا حق حاصل ہے ۔ کامیابی یا شکست کو ذاتی مخالفت نہیں بنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں اجتماعی جدوجہد کے ذریعے مارکیٹوں کے مسائل متعلقہ فورمز تک پہنچا سکتی ہیں، اس لیے غیر منظم مارکیٹوں کے تاجروں کو بھی اپنی تنظیمیں قائم کرنی چاہئیں۔ملک طاہر ڈوگر اور رانا محمد اصغر نے کہا کہ تاجر برادری کا اتحاد کاروباری مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے ۔نومنتخب صدر چوہدری اشفاق، جنرل سیکرٹری اصغر بھٹی اور سرپرست اعلیٰ حاجی عبدالحفیظ پہلوان نے تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مارکیٹ کے مسائل حل کرنے اور تاجروں کے اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments