چوری کی5وارداتیں، اراضی ہتھیانے کی کوشش کا الزام
چوری کی5وارداتیں، اراضی ہتھیانے کی کوشش کا الزام موٹر سائیکلیں، دکان کا سامان، نقدی، زیورات اور مویشی چوری، مقدمات درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کوٹ ادو اور گردونواح میں چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران کالج کی پارکنگ سے طلبہ کی دو موٹر سائیکلیں، سینیٹری کی دکان سے نقدی و سامان، سکول سے پانی کی موٹر، گھر سے نقدی اور طلائی زیورات جبکہ ایک شہری کی بکریاں اور بکرے چوری کر لیے گئے ، جبکہ اراضی ہتھیانے کے لیے جعلی معاہدہ تیار کرنے کا الزام بھی سامنے آیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ قصبہ گجرات کے علاقے میں کالج کی تقریب کے دوران ملزمان پارکنگ میں کھڑی طلبہ محمد جواد اور شہریار کی دو موٹر سائیکلیں چوری کرکے لے گئے ۔ دوسری واردات میں تھانہ دائرہ دین پناہ کے علاقے اڈا میر پور بھاگل میں غلام رسول کی سینیٹری کی دکان کے تالے توڑ کر نامعلوم ملزمان ٹوکہ موٹر، پانی کی موٹر، پٹرول انجن، مشین ہیڈ اور دراز میں موجود ایک لاکھ 10 ہزار روپے نقدی لے گئے ۔ تیسری واردات میں پیر جگی موڑ کے قریب برائٹ فیوچر پبلک سکول سے نامعلوم ملزمان پانی کی موٹر چوری کرکے لے گئے چوتھی واردات میں چاہ دینے والا کے علاقے میں محمد اشرف کے گھر کے تالے توڑ کر نامعلوم ملزمان 40 ہزار روپے نقدی، 9 ماشے طلائی زیورات، دو سوٹ اور ایل سی ڈی ٹی وی چوری کرکے لے گئے ۔ پانچویں واردات میں تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے بستی سدھاری میں محمد عمیر کی پانچ بکریاں اور تین چھوٹے بکرے چوری ہوگئے ، ہے ۔ دریں اثنا تھانہ صدر سرور شہید کے علاقے موضع پتل منڈا شرقی میں اراضی کے تنازعے پر غلام مرتضیٰ نے الزام عائد کیا کہ محمد اکرم سمیت پانچ نامزد ملزمان نے مبینہ طور پر جعلی اور بوگس اسٹامپ پیپر تیار کرکے ان کے والد کی اراضی ہتھیانے کی کوشش کی ۔ پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments