درجہ چہارم ملازمین کی کنٹریکٹ توسیع ،تنخواہوں کی اپیلیں مسترد
سی ای او ایجوکیشن نے بھرتیوں کو غیر شفاف اور پالیسی کے خلاف قرار دے دیاپالیسی کیمطابق حقدار نہیں، سیکرٹری ایجوکیشن نے بھی درخواستیں مسترد کردیں
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں دائر درخواست پر جاری عدالتی حکم کی روشنی میں سی ای او ایجوکیشن وہاڑی ناصر عزیز نے درجہ چہارم ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہد نواز اور 24 دیگر درخواست گزاروں نے حکومت پنجاب کے خلاف کنٹریکٹ میں توسیع اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی۔ سی ای او ایجوکیشن ناصر عزیز نے محکمانہ ریکارڈ، سابقہ انکوائری رپورٹس اور ذاتی سماعت کے بعد قرار دیا کہ بھرتیوں کا عمل غیر شفاف اور مروجہ پالیسی کے خلاف تھا، جبکہ دستاویزات کے جعلی ہونے سے متعلق اعتراضات بھی سامنے آئے ۔محکمانہ فیصلے کے مطابق درخواست گزار بھرتی پالیسی کی خلاف ورزیوں کے باعث کنٹریکٹ میں توسیع اور تنخواہوں کے حصول کے حقدار نہیں۔ بعد ازاں سیکرٹری ایجوکیشن نے بھی سابق سی ای او ایجوکیشن اعجاز اسلم کے دور میں بھرتی کیے گئے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور تنخواہوں کے اجرا کی درخواستیں مسترد کردیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments