ایف پی سی سی آئی الیکشن،چیمبر کی ایس ایم تنویر کی حمایت
تعاون کی یقین دہانی، چھوٹے چیمبرز کیلئے مستقل دفاتر اور فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات 2026-28ء میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے نامزد صدارتی امیدوار ایس ایم تنویر کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سمال چیمبرز کے گروپ لیڈر میاں ظفر اقبال کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں وہاڑی چیمبر کے صدر سید شیراز حسین کاظمی، سینئر نائب صدر چوہدری محمد آصف، گروپ لیڈر چوہدری زاہد اقبال، ایگزیکٹو ممبر خالد حسین اور ممبر ووٹر غضنفر علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف چیمبرز، تجارتی تنظیموں کے نمائندوں اور کاروباری شخصیات کے علاوہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سید شیراز حسین کاظمی اور چوہدری محمد آصف نے چھوٹے چیمبرز کے لیے مستقل دفاتر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مناسب دفتری سہولیات نہ ہونے سے تنظیمی سرگرمیاں اور کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی متاثر ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے ایس ایم تنویر سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ایس ایم تنویر نے یقین دہانی کرائی کہ چھوٹے چیمبرز کے لیے مناسب جگہ اور دفاتر کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈز کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں کاروباری برادری کے مسائل اور چھوٹے چیمبرز کی ضروریات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments