کالجز میں سی ٹی آئی کی نشستیں 20 فیصد کم کرنے کا فیصلہ
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن کالجز کا مراسلہ جاری، تفصیلات طلب
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھر کے کالجز میں کالج ٹیچنگ انٹرنز (سی ٹی آئی) کی نشستوں میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (کالجز) پنجاب نے سیشن 2026-2027ء کے لئے سی ٹی آئی بھرتیوں کے عمل میں کمی سے متعلق باضابطہ مراسلہ جاری کردیا ہے ۔مراسلے کے مطابق 19 اکتوبر 2026ء کو جاری کئے گئے حکم نامے میں تمام ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مختص سی ٹی آئی نشستوں میں 20 فیصد کمی یقینی بنائیں۔ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ نشستوں میں کمی کا اطلاق تمام کالجز پر یکساں طور پر نہیں ہوگا، بلکہ ان کالجز اور مضامین میں نشستیں کم کی جائیں گی جہاں پہلے سے زیادہ تعداد میں سی ٹی آئی نشستیں مختص ہیں۔متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالج کا نام، سی ایم آئی ایس کوڈ، مضمون، پہلے سے مختص نشستوں اور نئی مجوزہ نشستوں کی تفصیلات مرتب کرکے ایکسل فارمیٹ میں جمع کرائیں۔مراسلے میں رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر 2026ء، دوپہر 12 بجے مقرر کی گئی ہے ، تاکہ موصول ہونے والی تفصیلات کی بنیاد پر سی ٹی آئی بھرتیوں کے نئے عمل کو حتمی شکل دی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments