گگو منڈی، سیوریج بند، پانی گھروں میں داخل، مکانات منہدم

گگو منڈی، سیوریج بند، پانی گھروں میں داخل، مکانات منہدم

کالو کالونی کی گلیاں اور بازار زیرآب، بچوں کا سکول ، نمازیوں کا مسجد جانا مشکل

گگو منڈی (نامہ نگار) گگو منڈی کی مضافاتی رہائشی آبادی کالو کالونی میں کئی ماہ سے سیوریج سسٹم بند ہونے کے باعث گٹر کا گندا پانی گلیوں، بازاروں اور گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ علاقہ مکینوں کے مطابق پانی کے باعث کئی مکان منہدم ہو چکے ہیں۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری نکاسی آب کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کالو کالونی کی گلیاں اور بازار گندے پانی سے بھرنے کے بعد رہائشی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ مکینوں حاجی شاہین، اعجاز سیکرٹری، سجاد عرف چھدا جٹ، عبدالرازق جٹ، محمد اکرم، فرزند علی اور محمد راشد سمیت دیگر نے بتایا کہ گندے پانی کے باعث بچوں کے سکول جانے اور نمازیوں کے مسجد تک پہنچنے کے راستے بھی بند ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور بعض منہدم ہو گئے ہیں۔اعجاز سیکرٹری کے مطابق ضلع کونسل کے افسران کو متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر خدانخواستہ کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر وہاڑی، چیف آفیسر ضلع کونسل اور متعلقہ سب انجینئر پر عائد ہوگی۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر سیوریج کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...