ضلع وہاڑی میں دو ہفتوں میں 107 اشتہاری گرفتار
18 اے اور 89 بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل،حالیہ سال 174 فیصد اضافہ
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی )ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی ہدایات پر ضلع بھر میں اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وہاڑی پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 107 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرلیا، جن میں 18 اے کیٹیگری جبکہ 89 بی کیٹیگری کے ملزمان شامل ہیں۔پولیس اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں اسی عرصے کے دوران 39 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے تھے ، جن میں 8 اے اور 31 بی کیٹیگری کے ملزمان شامل تھے ۔ پولیس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں 2026 کے دوران اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں میں 174 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ خطرناک اشتہاری مجرمان کے پاسپورٹ منسوخ کرانے اور بیرون ملک فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر حکمت عملی، مربوط کارروائیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments