بد انتظامی اور غفلت،وہاڑی کرکٹ سٹیڈیم زبوں حالی کا شکار

بد انتظامی اور غفلت،وہاڑی کرکٹ سٹیڈیم زبوں حالی کا شکار

کروڑوں کا اثاثہ افادیت کھونے لگا، گھاس خشک، شہریوں کا فوری بحالی کا مطالبہ

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ضلع وہاڑی کا واحد کرکٹ سٹیڈیم مبینہ غفلت اور بدانتظامی کے باعث تباہ حالی کا شکار ہو گیا۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ قومی اثاثہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اپنی افادیت کھوتا جا رہا ہے ۔ سٹیڈیم کی نشستیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ اسکرینیں خراب، جنریٹر اور گھاس کاٹنے والی مشین ناکارہ ہو چکی ہے ۔ کئی ماہ سے پانی نہ ملنے کے باعث گراؤنڈ کی گھاس خشک ہو گئی ہے اور جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے ہیں۔نوجوان کھلاڑیوں اور شہریوں زبیر کاشان، علی، احمد، ہارون اور تنویر محمود سمیت دیگر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف انتظامیہ نئے پارکوں اور گراؤنڈز کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف پہلے سے موجود کروڑوں روپے کے سٹیڈیم کی دیکھ بھال نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں ضلعی سپورٹس آفیسر کا دفتر موجود ہونے کے باوجود سہولیات کی مسلسل خرابی کسی کی نظر میں نہیں آ رہی۔شہریوں نے سوال اٹھایا کہ سٹیڈیم کی دیکھ بھال کے لیے مختص فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟ اگر فنڈز کی کمی ہے تو متعلقہ حکام سے اضافی فنڈز منظور کروائے جائیں تاکہ کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔شہریوں نے کمشنر ملتان اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...