ملتان عالمی کتاب میلے کا آغاز،100سے زائد سٹال سج گئے،ہزاروں افراد شریک
آئی آر پریمیئر ایونٹ کمپلیکس بوسن روڈ میں منعقدہ عالمی میلے کا افتتاح وی سی بی زیڈ یو ڈاکٹر زبیر نے کیا ، مختلف سٹالز کا دورہ ،پبلشرز سے ملاقاتیں ،طلبہ کی گہری دلچسپی
ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان عالمی کتاب میلہ 2026 کا آغاز ہو گیا۔ پہلے دن ہی کتابوں کے شوقین ہزاروں شہری امڈ آئے ۔ ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت آئی آر پریمیئر ایونٹ کمپلیکس بوسن روڈ میں منعقدہ اس تین روزہ عالمی کتب میلے کا افتتاح وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ایونٹ آرگنائزر راشد الحق، ارکان آرگنائزنگ کمیٹی شیخ جمال الدین، علی ملک، احمد رضا، دانیال عبداللہ اور کتب میلے کے میڈیا کنسلٹنٹ اختر شاہین رند بھی موجود تھے ۔ افتتاح کے بعد مہمان خصوصی کو سٹالز کا دورہ کرایا گیا جہاں انہوں نے پبلشرز سے ملاقاتیں کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتاب کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ کتب بینی کے جدید طریقوں کے باوجود ہاتھ میں موجود کتاب کی خوشبو کی کسک آج بھی باقی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ایونٹ آرگنائزر راشد الحق نے مہمان خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ اینڈ کانفرنس کا ملتان میں یہ دوسرا عالمی کتب میلہ ہے جس میں ملک بھر کے معروف پبلشرز، تعلیمی ادارے ، ادیب، دانشور، طلبہ اور کتاب دوست افراد شرکت کر رہے ہیں۔ ملتان انٹرنیشنل بک فیئر 2026 کا بنیادی مقصد معاشرے میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو کتاب سے جوڑنا، علمی و ادبی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور معیاری تعلیمی وسائل تک عوام کی رسائی کو آسان بنانا ہے ۔ وائس چانسلر نے شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ ایونٹ کے خصوصی مہمان کمشنر ملتان عامر کریم خان نے بھی کتب میلے کا تفصیلی دورہ کیا۔ مختلف اسٹالز پر کئی کتب کھول کر ان کا جائزہ لیا اور پبلشرز سے معلومات حاصل کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments