کرشنگ سیزن شروع نہ ہوا تو شوگر ملز کے باہر دھرنوں کا اعلان
کسانوں کا گنے کا کم از کم نرخ 700 روپے من مقرر ، فوری خریداری کا مطالبہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی اور کسان بورڈ نے شوگر ملوں میں گنے کی کرشنگ شروع نہ ہونے پر احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ کرشنگ فوری شروع کی جائے اور گنے کا کم از کم نرخ 700 روپے فی من مقرر کیا جائے ۔مظفرگڑھ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کسان بورڈ کے ضلعی صدر پروفیسر بشیر احمد، جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر رانا شمشاد احمد، سٹی امیر پروفیسر افتخار ہاشمی، سابق ضلعی امیر رانا عمر دراز فاروقی، جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر احمد جمال بلوچ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری اظہر عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شوگر ملوں کو کرشنگ سیزن شروع کرنے کے لیے پہلے 15 نومبر، پھر 17 نومبر اور آخر میں 20 نومبر کی تاریخ دی، لیکن اس کے باوجود کرشنگ شروع نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تاخیر کے باعث گنے کے کاشتکار مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ بروقت گنا فروخت نہ ہونے سے اگلی فصل کی کاشت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ کھاد، بیج اور آبپاشی کے بڑھتے اخراجات کے پیش نظر 700 روپے فی من نرخ مقرر کیا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے ۔رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ شوگر مل مالکان کی جانب سے حکومتی احکامات نظرانداز کیے جانے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کرشنگ شروع نہ ہونے کی صورت میں شوگر ملوں کے گیٹ اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے ۔ اس موقع پر سعد اللہ چوہدری، ارشد گادی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments