عدالتی حکم امتناعی کے باوجود بھائی کاباغ اجاڑدیا، زمین پر قبضہ

عدالتی حکم امتناعی کے باوجود بھائی کاباغ اجاڑدیا، زمین پر قبضہ

شہری کا بھائی پر وراثتی ڈیرے ، ٹیوب ویل اور مکان پر قبضے کا الزام، کارروائی کا مطالبہ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر کی حدود ویرسی واہن میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر ایک شہری نے اپنے بھائی پر عدالتی حکم امتناعی کے باوجود لاکھوں روپے مالیت کا باغ اجاڑنے اور زمین پر قبضہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے داد رسی اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ویرسی واہن کے رہائشی مشتاق احمد نے اپنے بیٹوں محمد وارث، محمد حارث اور محمد یاسر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھائی اشفاق احمد نے اپنے بیٹوں محمد فیصل، محمد سراج اور محمد سانول کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر وراثتی جائیداد پر قبضہ کرلیا ہے ۔مشتاق احمد کے مطابق وہ بیماری اور بچوں کی تعلیم کے باعث میلسی میں رہائش پذیر ہیں۔ گزشتہ روز آبائی گاؤں پہنچے تو معلوم ہوا کہ چار کنال اراضی پر مشتمل مالٹے اور موسمی کے باغ کے درخت ختم کرکے وہاں گندم کاشت کردی گئی ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ وراثتی ڈیرے اور زرعی ٹیوب ویل پر بھی قبضہ کرلیا گیا۔

 

 جبکہ آبائی مکان کا راستہ بند کرکے بیرونی دیوار مسمار اور قیمتی سامان بھی غائب کردیا گیا۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ جائیداد کا مقدمہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور زمین کے حوالے سے حکم امتناعی بھی جاری ہوچکا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ احتجاج کرنے پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد، جائیداد واگزار کرانے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...