ایمرسن میں تقریب تقسیم اعزازات، جاپانی سفیر کی شرکت
پاکستان جاپان کے تعلیمی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں، جاپانی سفیر
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی میں دی ایمرسونین کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم اعزازات منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو تھے ۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان پاکستان کا قدیم، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر ہے ، جس کی تہذیب، روایات اور مہمان نوازی قابل تحسین ہیں۔جاپانی سفیر نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے ، جبکہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے ۔ انہیں معیاری تعلیم، تحقیق اور جدید علوم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے تعلیمی سفر جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر حسان خالق قریشی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل پہچان اس کے قابل اور کامیاب طلبہ ہوتے ہیں۔ سابق طلبہ کا مادر علمی سے تعلق برقرار رکھنا اور موجودہ طلبہ کی سرپرستی کرنا خوش آئند ہے ۔ گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے طلبہ کی کامیابیاں دوسروں کے لئے مشعل راہ ہیں۔دی ایمرسونین کے صدر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا نے کہا کہ مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ مہمان اعزاز صدر چیمبر آف کامرس خانیوال آصف مجید نے دی ایمرسونین کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کے لئے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments