گھریلو تنازع پر فائرنگ، چھ ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق
نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ،مقدمہ درج، ورثا کا انصاف کا مطالبہ
خان گڑھ،مونڈکا (نامہ نگار) تھانہ خان گڑھ کی حدود میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں چھ ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ حاجی واہ، بستی تھیم والا میں پیش آیا، جہاں یعقوب عرف پبلا تھیم مبینہ طور پر اپنی ناراض بیوی کو منانے سسرال گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہاں تلخ کلامی کے دوران اس نے بیوی پر فائرنگ کی کوشش کی، تاہم گولی لگنے سے قریب موجود چھ ماہ کا بچہ شدید زخمی ہوگیا۔زخمی بچے کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔واقعے پر تھانہ خان گڑھ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔بچے کی ہلاکت پر علاقے میں افسوس کی فضا پائی جاتی ہے ۔ اہل علاقہ اور متاثرہ خاندان نے ڈی پی او مظفرگڑھ، ڈی ایس پی سرکل اور ایس ایچ او تھانہ خان گڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments