روڈ کی تعمیر سست ، آمد ورفت معطل ،اہل علاقہ پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شمشیر ٹاؤن سے چونگی نمبر 9تک روڈ کی تعمیر میں سست روی و ٹھیکیدار کی ناقص حکمت عملی کے باعث کھدائی اور ٹوٹ پھوٹ کا ملبہ گرنے سے ملحقہ آبادیو ں کے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
جس پر میونسپل کارپوریشن حکام نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہائی وے حکام سے رجوع کر لیا ،ذرائع کے مطابق سڑک کی تعمیر کیلئے چند ماہ قبل کھدائی ہوئی تھی جس کے باعث ایک طرف سے آمد ورفت معطل ہے اور ملحقہ شاہراؤں پر ٹریفک کا لوڈ بڑھنے سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف ٹھیکیدار نے کام بند کر رکھا ہے ، جس کی وجہ سے ملحقہ آبادیوں کے مکین دوہری مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ میونسپل کارپوریشن نے بھی صورتحال سے ہائی وے افسران کو سینیٹری ٹیم کی رپورٹ ارسال کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ٹوٹ پھوٹ کی ذمہ داری ٹھیکیدار پر عائد ہوتی ہے لہذا سڑک کی تعمیر کی جلد از جلد تکمیل ممکن بناتے ہوئے ٹھیکیدار کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہولز کی مرمت کابھی پابند بنایا جائے ۔