یونین کونسل افغان کیمپ میں پولیو مہم کیلئے قبائلی جرگہ کا اہتمام

میانوالی (نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میانوالی ڈاکٹر عتیق الرحمان کی ہدایت پریونین کونسل افغان کیمپ میں 13فروری سے 16فروری تک شروع ہونے والی پولیو مہم کے سلسلہ میں قبائلی عمائدین کے ساتھ ایک جرگہ کا اہتمام کیا گیا۔
جرگہ میں افغان کیمپ کے تمام قبائل ولی خیل، خدرخیل، بلخ، نورزئی، مغل، سلیمان خیل وغیرہ کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل عیسی خیل ڈاکٹر محمد سرور نے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خلاف یہ مہم پورے ضلع میانوالی میں صرف آپ کی یونین کونسل میں شروع ہونے جا رہی ہے ۔ آپ تمام لوگ اپنے اپنے قبائل کے سرکردہ افراد ہیں اور قبیلے کے تمام لوگ آپ کی بات سنتے ہیں اور مانتے ہیں ہماری آنے والی اس مہم میں آپ نے محکمہ ہیلتھ کے لوگوں سے تعاون کرنا ہے اور اپنے لوگوں کو بھی یہ بات سمجھانی ہے کہ اس یونین کونسل میں پانچ سال سے چھوٹا کوئی بھی بچہ پولیو کے خلاف دو موثر قطرے پینے سے محروم نہ رہے آپ کے گھر کوئی مہمان بھی آیا ہوا ہو آپ نے اس کو بھی لازماً پولیو کے خلاف دو قطرے پلوانے ہیں۔ تمام قبائلی عمائدین نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو اپنے ہر قسم کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔