شہر کی 28 یونین کونسلوں سے لاروا برآمد انسداد ڈینگی کارروائیاں تیز کرنے کا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )شہر کی 28 یونین کونسلوں میں ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے ، زیادہ مقامات سے لاروا ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ شعیب نسوانہ نے سخت سرویلینس کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔۔
انہوں نے کہا کہ غفلت و کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤکی روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کارروائیوں کومزید تیز کردیں کیونکہ رواں ایام لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے سازگارہیں لہذا فیلڈ میں ذمہ دارانہ سرویلنس اورڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کا صفایا کیا جائے تاکہ ڈینگی کو سر اٹھانے کا موقع نہ ملے ۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں انسداد ڈینگی مہم پرعملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم ، سی او ایجوکیشن اختر عباس بلوچ اور ڈاکٹر طارق سیلم سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں اور کوتاہی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے فیلڈ میں سرویلنس سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں۔