میڈیکل ویسٹ تلف کرنے کے منصوبہ پر عملدرآمد التوا کا شکار ، بیماریاں  پھیلنے لگیں

میڈیکل  ویسٹ  تلف  کرنے  کے  منصوبہ  پر  عملدرآمد   التوا  کا  شکار  ،  بیماریاں  پھیلنے  لگیں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )حکومت کے واضح احکامات کے باوجود سرگودھا کے تحصیل ہسپتالوں میں میڈیکل ویسٹ کی مناسب طریقے سے تلفی اور مقرر کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ ہسپتال مزید بیماریاں پھیلانے کا سبب بنے ہوئے ہیں۔۔

 مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے گزشتہ روز صوبائی و ضلعی حکام کو ارسال کر دہ انسپکشن رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پنجاب کے دیگر چھوٹے اضلاع کی طرح سرگودھا کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں میڈیکل ویسٹ کو مقرر کر دہ حکومتی ایس او پیز کے تحت تلف کرنے کا منصوبہ کئی سالوں سے متنازع بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے عملدرآمد بھی مسلسل التواء کا شکار ہو رہا ہے ، رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ متذکورہ ہسپتالوں میں میڈیکل ویسٹ کے ملحقہ عقبی دیواروں کے ساتھ ہی استعمال شدہ سرنجوں، بوتلوں و دیگر ویسٹ کے ڈھیر لگا دیئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ہسپتال علاج معالجہ کی بجائے مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کرنے کاسبب بن رہے ہیں،رپورٹ میں ویسٹ میٹریل کی بروقت تلفی کیلئے حسب ضابطہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیکل ویسٹ مناسب طریقے سے تلف نہ کرنے والے ہسپتالوں کے ایم ایس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں