غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے کھیوٹ بلاک کرنے کا حکم

غیر  قانونی  ہائوسنگ  سوسائٹیز  کے  کھیوٹ  بلاک  کرنے  کا  حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر محمد اجمل بھٹی نے منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں رہائشی وکمرشل پلاٹوں ؍یونٹس کی انٹرنل ٹرانسفر پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروانے جبکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کھیوٹ بلاک کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔۔

انہوں نے آبیانہ کے بقایا جات کی وصولی کیلئے ریونیو افسر وں اور انہار کے افسر وں پر مشتمل کمیٹیوں کی جانب سے اب تک وصولی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ، وہ اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں بورڈ آف ریونیوکے عوامی بہبود کے اہداف پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کیلئے ہر تحصیل دفتر میں کاؤنٹر قائم کر کے نادہندہ کا شتکاروں کو پہلے مرحلہ میں نوٹسز جاری کرنے جبکہ انتقالات وصول فیس کا آڈٹ کروانے کے احکامات بھی جاری کئے ،اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنر وں نے اشٹام ڈیوٹی فیس کے آڈٹ،زیر التواء رجسٹریوں اور انتقالات پر اب تک کی پیش رفت ، آ بیانہ اور زرعی انکم ٹیکس وصولی، ممنوعہ اور غیر ممنوعہ علاقوں میں سرکاری اراضی لیز پر دینے کے علاوہ ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیز جو سرکاری اراضی کو زیر استعمال لا رہی ہیں ان سے متبادل جگہ کی وصولی اور مالکان کے خلاف اب تک کی جانے والی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ ضلع سرگو دھا میں 17سو 38 جبکہ خوشاب میں 209 سرکاری دکانوں کے کرایوں اور لیز پر دینے کے حوالے سے بورڈ آ ف ریونیو کی نئی پالیسی کے مطابق ریفرنس تیار کر کے حکومت پنجاب کو بھجوادیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ریونیو واجبات کی سوفیصد وصولی کو یقینی بنانے کیلئے کئی اہم فیصلے بھی لئے گئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں