پٹواری کا بستہ کھل کر کمپیوٹر میں آئے گا تو ملک کی تقدیر بدلے گی ، کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ اس ملک کی تقدیر اس وقت بدلے گی جب پٹواری کا بستہ کھل کر کمپیوٹر میں آئے گا اور اس ضمن میں اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔
ریونیوآفیسر کے فیصلوں سے ہزاروں افراد متاثر اور ہزاروں کو ہی ریلیف ملتا ہے ، ریونیو افسر عوام کیلئے اپنی رسائی کو آسان بنائیں اور اپنے ہاتھوں سے خیر تقسیم کریں نہ کہ جائز کاموں کے لیے سائلین کو تنگ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے نائب تحصیلداروں میں تربیت مکمل کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن رائے یاسر بھٹی اور اے سی جی حافظ عبدالمنان بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے نائب تحصیلداروں کا ریونیو محکمہ میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نائب تحصیلداروں پر زور دیا کہ وہ قانون اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اپنی گرفت مضبوط بنائیں۔ منشی رکھنے کی بجائے خود کام سیکھیں ، میرٹ اور انصاف کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپکو پرانے ریونیو ماتحت ملازمین کے سامنے سرنڈر کرنے کی بجائے کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی اور ریونیو نظام میں جدت لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے نائب تحصیلداروں کو ہرممکن راہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ وہ بہتر انداز میں کام کر سکیں۔ محمد اجمل بھٹی نے تربیت مکمل کرنے والے پانچ مرد اور تین خواتین نائب تحصیلداروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔