31 مارچ سے قبل تمام دیہات میں صفائی کا حکم

31    مارچ     سے     قبل     تمام     دیہات   میں    صفائی    کا    حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن کے نئے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر سے سائلین کوبہتر سہولیات ملیں گی اور ریونیو ریکارڈ بھی بہتر انداز میں محفوظ کیا جا سکے گا۔

 افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنرشعیب علی ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، اے ڈی سی آر، اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن اور دیگرافسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے نئے دفتر کا معائنہ کیا اور کہا کہ یہ دفتر کوٹمومن کی مرکزی جگہ پر بنایا گیا جس سے یہاں عوام کی رسائی آسان ہوگی۔ ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئی عمارت اور سہولیات کے ساتھ عملہ اپنی کارکردگی میں بھی جدت لائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرانی عمارت میں پارکنگ، دفاتر کی کمی سمیت مختلف مسائل کا سامنا تھا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے نئے دفتر میں موسم بہار کی شجرکاری کے حوالے سے پودے بھی لگائے ۔ بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ کوٹمومن کے چک نمبر 19 جنوبی اور چک نمبر 9 جنوبی میں ستھرا پنجاب مہم کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مکینوں سے صفائی کے حوالے سے فیڈ بیک لیا۔ کمشنر نے میونسپل افسران سے کہا کہ وہ 31 مارچ سے قبل تمام دیہات میں سیور یج لائنوں کی ڈی سلٹنگ ، گلیوں اور سڑکوں کی صفائی اور کوڑے کے ڈھیروں کی تلفی یقینی بنائیں۔ عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کریں تاکہ وہ اس اہم پروگرام کی اونر شپ لیں۔ انہوں نے کوٹمومن شہر کی رابطہ سڑکوں اور دونوں چکوک کی صفائی پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسی جذبہ سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں