فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں واک

فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں واک

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سرگودھا میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اوراسرائیلی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔۔۔

 شرکاء نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان کے معصوم شہریوں کے قتلِ عام کا سخت نوٹس لیں ،غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا قلع قمع کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی و خودمختاری کو یقینی بنائیں ۔ یہ واک ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور آفس آف ایونٹ مینیجمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی جبکہ واک کی قیادت پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر غلام یاسین نے کی ۔ واک فوارہ چوک سے شروع ہو کر لائبریری چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور فلسطین کے جھنڈے لہرا کر مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی اور اسرائیلی سفاکیت کے خلاف آواز بلند کی۔پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک خطے کی جنگ نہیں بلکہ ایک ظالم کے خلاف مظلوم کی جنگ ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ نے کہا کہ فلسطین ایک ایسا مسئلہ ہے جس نے کئی دہائیوں سے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ۔ واک کے شرکاء نے آخر میں فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمیشہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ واک کے دوران طلبہ و طالبات نے پرجوش نعروں اور بینرز کے ذریعے اسرائیلی سفاکیت کے خلاف بھرپور نعرہ حق بلند کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں