تعلیمی اداروں کے قریب مضر صحت،نشہ آور سپاری،پان،سگریٹ فروخت ہونیکا انکشاف

سرگودھا(نامہ نگار ) شہری اور دیہی علاقوں میں تعلیمی اداروں کے قریب انتہائی مضر صحت اور۔
نشہ آور سپاری ،پان ،سگریٹ فروخت کرنے کا انکشاف ہو ا ہے ،بتایا گیا ہے کہ ایسی سپاریاں جنرل سٹوروں’ پان سیگریٹ شاپس بالخصوص تعلیمی اداروں کے قریب واقع دوکانوں پر فروخت کی جا رہی ہیں جو مضر صحت ہونے کے علاوہ ان میں نشہ کا عنصر بھی شامل ہے جس سے نوجوان لڑکوں کے ساتھ لڑکیاں بھی ان سپاریوں کی رسیا ہو رہی ہیں، ان کے استعمال سے منہ’ پھیپھڑے اور انتڑیوں کا کینسر پیدا ہو رہا ہے ،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت پنجاب نے ضلعی سربراہان کوگٹکا کے ساتھ ساتھ ایسی مضر صحت سپاریوں کی خرید و فروخت کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں جن پر مناسب عملدرآمد نہ ہونا شہریوں کیلئے باعث تشویش ہے ، ان کا کہنا ہے کہ ارباب اختیار فوری طور پر صورتحال کے تدار ک کیلئے اقدامات اٹھائیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک امر ہے کہ نوجوان نسل اپنے تعلیمی اداروں کے قریب نشے کی لت میں مبتلا ہو جائے ،انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسی دکانوں کی چیکنگ کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔اور مضر صحت سپاری اور دیگر نشہ آور اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے ان کو پابند سلاسل کیا جائے۔