مڈل مینوں کی کسانوں سے گنا اونے پونے خریدنے کی تیاریاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)گنے کے کریشنگ سیزن 2024-25 کے لئے غیر قانونی کنڈوں کے ذریعے مڈل مینوں نے کسانوں سے گنا اونے پونے داموں خریدنے کیلئے لنگوٹ کس لئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امسال بھی کریشنگ سیزن کی آمد کے پیش نظر کئی جگہ پر غیر قانونی کنڈے قائم کئے جا رہے ہیں جن کی شوگر ملوں میں بیٹھے انتظامی افراد کی نشاندہی پر محکمہ لیبر کے ذریعے باقاعدہ منظوری کروائی جاتی ہے ،ان کنڈوں پر ناپ تول میں کمی (کٹوتی) کر کے کسانوں کو لوٹا جاتا ہے اس عمل سے کسانوں کا استحصال ہوتا ہے ،ان غیر قانونی کنڈوں پر کسی قسم کا ریکارڈ مرتب نہیں کیا جاتا تاکہ ٹیکس سے بچا جا سکے ،یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس حوالے سے مارکیٹ کمیٹی اور ضلع کونسل کے ‘‘ این او سی ’’کو ضروری قرار دیا گیا ہے مگر اس عمل کو کنڈا مالکان نظر انداز کر رہے ہیں، کسانوں کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی کنڈوں کے مالکان کی ملز انتظامیہ سے ملی بھگت ہوتی ہے۔ حکومت اس کی روک تھام اور کسانوں کا گنا ڈائریکٹ شوگر ملوں میں نقد قیمت پر فروخت کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ کسانوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو سکے ۔