سیل 51د کانوں کے مالی معاملات محکمہ ریونیو کے حوالے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع کونسل حکام نے تھک ہار کر جناح مارکیٹ کی سیل شدہ 51 دوکانوں کے مالی معاملات محکمہ ریونیو کے حوالے کر دیئے، جس سے ادارہ کو لگ بھگ ساڑھے پانچ کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق 1998تک اس سرکاری مارکیٹ کے انتظامی امورضلع کونسل ہی چلا رہی تھی،تاہم اسکے بعد کالونیز ڈیپارٹمنٹ نے جگہ کی ملکیت کے تنازعہ پر انتظامی امور خود سنبھال لئے اور ضلع کونسل کے مقررکردہ کرایوں میں ملی بھگت کر کے کمی کر دی جس کی ڈویژنل کمشنر سے منظوری تک لینے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی ، اندرون خانہ مالکانہ حقوق کی کوششیں شروع کر دی گئیں کچھ سالوں تک وصولیوں کے بعداکثر دوکانداروں نے کرایے دینا بند کر دیئے اور گزشتہ دو دہائیوں سے کرایوں کی وصولی ٹھپ رہی اور اب لگ بھگ ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پرضلع کونسل ،اینٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے یہ دوکانیں سیل کر رکھی تھیں، ان کی دوبارہ نیلامی کا پیپر ورک بھی مکمل کیا گیا تاہم بااثر مالکان ،کالونی برانچ کی ملی بھگت اور سیاسی اثر ورسوخ کے باعث معاملات التواء کا شکار ہونے پر بالآخر ضلع کونسل حکام نے چپ سادھ لی اور تمام معاملات ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردیئے ۔