من پسند سیٹوں پر تعیناتی کیلئے سیاسی سفارشیں، کرپٹ اہلکار 2، 2 سیٹوں پر تعینات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پابندی کے باوجودضلع کے سرکاری محکموں میں افسران و ملازمین من پسند سیٹوں پر تعیناتی کیلئے سیاسی سفارش کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔۔۔
کرپشن میں ملوث اہلکار دو، دوسیٹوں کے مزے لینے لگے ،اس ضمن میں سروسز اینڈ جنر ل ایڈمنسٹریشن پنجاب کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے ذریعے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی کے ڈپٹی کمشنرز اور محکموں کے ضلعی سربراہان کو متذکرہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ روش گورنمنٹ سرونٹس رولز1966کی سنگین خلاف ورزی کے ذمرہ میں آتی ہے لہذااس روش کا تدارک یقینی بناتے ہوئے ایسی صورتحال میں متعلقہ آفیسر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لا کر رپورٹ ارسال کی جائے ،مگر یہ احکامات سرکاری الماریوں کی زینت بن کرعملدرآمد کے منتظر ہیں جبکہ حالیہ ایک سال کے دوران حکومتی تبدیلی کے ساتھ ساتھ یہ سلسلہ بھی تیزی اختیار کر چکا ہے ، اور باعث تشویش امر یہ ہے کہ اینٹی کرپشن،محکمانہ انکوائریوں سمیت سنگین نوعیت کی مالی بد عنوانیوں میں ملوث ہونے کے باوجود اہم انتظامی دفاتر اور محکموں میں اثر و رسوخ رکھنے والوں کو من پسند سیٹوں سے نوازا جا رہا ہے ،جس سے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی اور حکومتی میرٹ پالیسی بھی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔