جوہرآباد،خوشاب میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری

جوہرآباد،خوشاب میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری

جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)ضلعی صدر مقام جوہر آباد اور اس کے جڑواں شہر خوشاب میں سوئی گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ اور گیس کے لو پریشر نے صارفین کو عذاب میں مبتلا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق دونوں شہروں میں گھریلو گیس ڈاکٹر کے نسخے کی طرح صبح دوپہر اور شام کو فراہم کی جاتی ہے اور اس کا دورانیہ بھی انتہائی مختصر ہوتا ہے ،گیس کا پریشر اتنا کم ہو تا ہے کہ آگ کا شعلہ چولہے کے برنر سے باہر نہیں نکلتا اور اس پر کھانا بنانا ممکن ہی نہیں ہوتا ، با لخصوص صبح کے اوقات میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے سبب طلبہ کو سکو ل اور ملازمیں کو ڈیوٹی پر ناشتے کے بغیر ہی جانا پڑتا ہے ، جوہر آباد کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نادرن گیس پائن لائن کے حکام کو دونوں شہروں میں تسلسل کے ساتھ سوئی گیس کی فراہمی کا پابند بنایا جائے ۔ اس ضمن میں جب سوئی گیس کے مقامی دفتر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں بتایا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ حکومت کی پالیسی کے تحت کی جارہی جبکہ لو پریشر کا مسئلہ گیس صارفین کی جانب سے گیس کے غیر ضروری استعمال کے سبب پیدا ہوا اس میں محکمہ سوئی گیس کو قصور وار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں