پٹواریوں کی ترقی آبیانہ ، زرعی ٹیکس وصولی سے مشروط

پٹواریوں  کی   ترقی    آبیانہ    ،      زرعی    ٹیکس    وصولی   سے    مشروط

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں پٹوار ی کی پروموشنز، کارکردگی اور سالانہ انکریمنٹ کو آبیانہ اور ایگریکلچر انکم ٹیکس کی وصولی کے اہداف کی تکمیل اور بے ضابطگیاں دور کرنے سے مشروط کر دیا۔۔۔

اور عملدرآمد نہ کرنیوالوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت ایکشن لینے کا عندیہ دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے آگاہ کیا گیاہے کہ پنجاب بھر میں پہلی ششماہی کے دوران آبیانہ کی اوسط ریکوری کی شرح 34.66 فیصد ہے ، ضلع سرگودھا میں ریکوری 35 فیصد، میانوالی 33 فیصد، بھکر میں 11 فیصد ،ضلع خوشاب میں طے شدہ ہدف کے مقابلے میں ریکوری 43 فیصد رہی دوسری جانب حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ محکمہ مال کے متعلقہ افسران /پٹواری حضرات مبینہ طورپر دانستہ غفلت کا مظاہرہ کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے ہوئے ہیں، یہی نہیں آبیانہ اور ایگریکلچر انکم ٹیکس وصولیوں میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی بھی آڈٹ حکام نشاندہی کر چکے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے کر ریکوری صورتحال بہتر بنانیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نادہندہ کاشتکاروں کو تیار فصل زرعی رقبوں سے منڈی منتقل کرنے کی اجازت واجبات کی ادائیگی کی صورت میں ہی دی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں