شہری پرتشدد‘ایس ایچ او‘اے ایس آئی پر مقدمہ درج کرنیکا حکم
شاہ پور (نمائندہ دنیا ) ایڈیشنل سیشن جج شاہ پور میاں شاہد جاوید نے شہری کوپولیس اسٹیشن کے اندر زدوکوب کرنے ، اسے رات گئے تک غیر قانونی حراست میں رکھنے پر ایس ایچ او شاہ پور رانا توقیر اور اے ایس آئی تجمل حسین کیخلا ف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیدیا۔۔۔
قصبہ مڈھ کے ایک شہری سہیل نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ چند افراد نے اس کے رقبے پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر اس کے چچا نے 15پر کال کر دی ، پولیس نے دونوں فریقین کو تھانے طلب کر لیا جب اس کا چچا اور بھائی پولیس سٹیشن پہنچے تو ایس ایچ او نے انہیں 15 پر کال کرنے کی وجہ پوچھی ، چچا نے بتایا کہ لوگ اس کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے تھے اس لئے اس نے فوری مدد کیلئے پولیس کو کال کی تھی جس پر ایس ایچ او رانا توقیر غصے میں آ گئے اور چچا بھتیجے کو تھانے میں بند کر دیا جب رات گئے تک دونوں واپس نہ پہنچے تو سہیل پولیس اسٹیشن پہنچ گیا جہاں اس نے ایس ایچ او سے اس کے چچا اور بھائی کو حوالات میں بند کرنے کی وجہ پوچھی ، اس پر ایس ایچ او رانا توقیر اور اے ایس آئی تجمل نے اسے زدوکوب کرنا شروع کر دیا اور ٹھڈے مار کر اسے شدید زخمی کر دیا ، رات گئے تک حراست میں رکھنے کے بعد سفید کاغذ پر انگوٹھا لگوا کر اسے چھوڑ دیا ، سہیل میڈیکل رپورٹ لے کر ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پہنچ گیا ۔