ڈویژن میں قدرتی جھیلوں کے قریب پختہ تعمیرات پر کمشنر کانوٹس

ڈویژن میں قدرتی جھیلوں کے قریب پختہ تعمیرات پر کمشنر کانوٹس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈویژن بھر میں قدرتی جھیلوں کے قریب پختہ تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو لوکل گورنمنٹ بائی لاز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی کی نمل جھیل جبکہ خوشاب میں سون ویلی کی اچھالی اور کھبیکی سمیت دیگر جھیلوں پرسرد موسم میں نایاب پرندوں کی آمد ہوتی ہے اور یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ان جھیلوں کے اندر اور قریب پختہ تعمیرات سے پرندوں کی آمد کم ہونا شروع ہو گئی ہے جس کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند پڑنے کا خدشہ ہے ۔ وہ عوامی بہبود کے اقدامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں سمیت دیگر انتظامی افسروں کو تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کے ریگولر بنیادوں پر دورے کرنے اور اس ضمن میں رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ افسروں (کے پی آئیز) کے سکور حاصل کرنے کے ساتھ دیگر انتظامی امور پر بھی توجہ دیں تاکہ عوام حقیقی معنوں میں ریلیف محسوس کریں۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے پرائس کنٹرول، جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیم ،صحت، انفورسمنٹ، ستھرا پنجاب، ٹرانسپورٹ اور زراعت سمیت عوامی بہبود کے دیگر 32 مختلف اقدامات پر ایک ہفتہ میں ہونے والی پیش رفت بارے آگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں