ڈپٹی کمشنر کا اجلاس ، زیر تعمیر فلائی اوور کے کام کا جائزہ لیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ایک اجلاس میں زیر تعمیر 47 پل فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 15 فروری تک فلائی اوور کو مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ تعمیراتی کام دن اور رات کی شفٹوں میں کیا جارہا ہے ۔ ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ لیبر کو ڈبل کرے تاکہ فلائی اوور کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل ہوسکے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فلائی اوور کے تمام فنڈز جاری ہوچکے ہیں۔ اگلے مرحلے میں فلائی اوور کے دونوں اطراف سٹرکیں تعمیر کی جائیں گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا فلائی اوور کے نیچے نئی سیور لائن کی تعمیر کا تخمینہ بھی تیار کیا جارہا ہے ، 47 پل سے قینچی موڑ تک سیور لائن کو مون سون سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں ایس ای ہائی ویز امانت علی، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین اور ایکسین ہائی ویز فرمان میکن کے علاوہ نیسپاک کے افسر شریک ہوئے ۔