مردہ اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حساس ادارے کی جانب سے ڈویژنل انتظامیہ کو موصول ایک رپورٹ میں مردہ اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا۔
،ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے بار بار ہدایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مردہ ،مضر صحت اور پانی ملے گوشت فروخت کرنیوالوں کے خلاف کاروائی سرکاری ریکارڈ کی حدتک جاری ہے جبکہ یہ گھناؤنا کاروبا ر بدستور جاری ہے ،اس حوالے سے حساس ادارے کی جانب سے شہر کے علاوہ ضلع کی دیگر تحصیلوں کے بعض مقامات اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ ایجنٹ مافیا اپنی جڑیں اس حد تک مضبوط کر چکا ہے کہ ضلع کے کسی بھی دیہی یا شہری علاقے میں بیمار یالاغر جانور کی اطلاع فوری ان تک پہنچ جاتی ہے ،اس حوالے سے انہوں نے نجی مذبحہ خانے بھی بنا رکھے ہیں،جبکہ سلاٹر ہاؤسز میں بھی دوردراز سے لاغر مویشی لا کر مبینہ ساز باز کر کے پاس کروائے جاتے ہیں جبکہ مسترد کئے گئے مویشیوں کو نجی مذبحہ خانوں میں بھجوادیا جاتا ہے ،جہاں مردہ جانور بھی ذبحہ کر کے حلال گوشت میں شامل کرنے کے بعد یہ گوشت بھی لائیوسٹاک کی مہریں لگا کرنہ صرف سرگودھا کے مختلف علاقوں بلکہ راولپنڈی ،اسلام آباد کے ہوٹلوں میں بھی بھجوا یا جاتا ہے ،چیک اینڈ بیلنس کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مضر صحت گوشت مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے ، ڈویژنل حکام کے مطابق اس حواے سے کمشنر سرگودھا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر کاروائی کر نے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔