قبرستان سے مردہ بچھڑی اٹھانے والا قصاب پکڑا گیا ،مقدمہ درج

واں بھچراں (نمائندہ دنیا )قصاب قبرستان میں مردہ پڑی بچھڑی کو اٹھا لایا ، شہریوں نے تعاقب کر کے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔۔
جبکہ لوڈر کو بھی ضبط کر لیا گیا ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے واں بھچراں لاری اڈا کے قصاب حبیب اللہ نے علاقہ چک میرث سے قبرستان ایریا میں مردہ پڑی بچھڑی کو فروخت کرنے کے لیے اٹھا کر اپنے لوڈر پر لوڈ کر لیا جبکہ اسی لوڈر پر پہلے سے ایک ذبح شدہ بکری بھی لوڈ تھی، مردہ بچھڑی کو اٹھانے پر علاقہ چک میرث کے لوگوں نے تعاقب کرکے قصاب کو پکڑ لیا اور اپنے علاقہ کے ویٹرنری ہسپتال کے عملہ کو اطلاع کر دی،ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر شمس الدین اپنے سٹاف کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور چیک کیا کہ گائے کی بچھڑی جس کا وزن تقریبا 40 کلو تھا مردہ حالت میں لوڈ تھی جو کہ انتہائی مضر صحت تھی جبکہ لوڈر پر پہلے سے لوڈ ذبح شدہ بکری بھی مضر صحت پائی گئی۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس تھانہ واں بھچراں بھی موقع پر پہنچ گئی۔ جنہوں نے مردہ مضر صحت بچھڑی اور بکری سے لوڈ لوڈر کو تحویل میں لیکر قصاب حبیب اللہ سکنہ واں بھچراں کو حراست میں لے لیا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا، مردہ بچھڑی اور بکری کے تقریبا 60 کلو گوشت کو مضر صحت قرار د یکر تلف کر دیا گیا۔