خالد گورائیہ کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس

میانوالی (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر خالد جاو ید گورائیہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ڈی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد شعیب رضا خان، سیکرٹری ڈی پی ڈی سی عثمان باجوہ کے علاوہ دیگر متعلقہ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی پی ڈی سی نے زمین کے استعمال میں تبدیلی کے نو کیسز پیش کئے ۔ چیئر مین کمیٹی نے تمام کیسوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعدہسپتال، مارکیز اور کمرشل شاپس کی تعمیر کے پانچ کیسوں کی منطوری دے دی جبکہ پارکنگ کی جگہوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے چار کیسوں کو موخر کر دیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارکنگ کے سلسلہ میں بلڈنگز ریگولیشنز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو ڈی ڈی ڈویلپمنٹ نے محکمہ پبلک ہیلتھ اور سکول اینڈ ایجو کیشن کی 14ترقیاتی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسئن پبلک ہیلتھ انجینئر نگ کو ہدایت کی کہ واٹر سپلائی کی جو ترقیاتی سکیمیں مکمل ہو گئی ہیں انہیں فوری طور پر متعلقہ حکا م کے حوالے کیا جا ئے ۔انہوں نے ایکسئن بلڈنگز کو محکمہ سکول ایجو کیشن کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کر نے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لاری اڈا کے ترقیاتی کا موں پر کا م کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگز کے افسران کو ہدایت کی کہ لاری اڈا کے تعمیراتی کا موں کو جون تک مکمل کیا جائے ۔