کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ صارفین کے حقوق کا ضامن:عمرفاروق

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی ہدایت پر ضلعی کنزیومرپروٹیکشن کونسل کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )عمرفاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی نے کہا کہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 صارفین کے حقوق کا ضامن ہے اور اس کے تحت صارف کو فراہم کردہ حقوق کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی جائے ۔ لہذا تمام ممبران صارفین کے حقوق کے بارے میں آگاہی کے پروگرام کا انعقاد کریں تاکہ صارفین کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہ کیا جائے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (لیگل ) ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل محمد افضل سرویا نے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایاکہ پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005 کے تحت اشیاء کی نمایاں جگہ پر ریٹ لسٹ آویزاں کرنا لازم ہے ۔اشیاء کی پیکنگ پر اجزائے ترکیبی اور معیاد استعمال درج ہونا ضروری ہے ۔علاوہ ازیں رسید خریداری جاری کرنا ضروری ہے خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر ؍اتھارٹی 50ہزار روپے تک جرمانہ کرنے کے مجاز ہیں۔