ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف ایکشن کا حکم

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر،مختلف محکمہ جات پولیس،ریسکیو 1122,سول ڈیفنس، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف ضلع کے روڈ سیفٹی اینڈ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے مربوط وموثر حکمت عملی اپنائی جائے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اس سلسلہ میں سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس مشترکہ ایکشن پلان کے تحت اوورلوڈنگ،کم عمر رکشہ ڈرائیور اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کیلئے تعلیمی اداروں میں آگاہی سیشن منعقد کئے جائیں ،ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر بائیک ہرگز نہ چلانے دیں ،ڈپٹی کمشنر نے سی او ایم سی کو جنرل بس سٹینڈ بھکر پر مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے عمل پر زور دیتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے سموگ کا باعث بننے والی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ایل پی جی کا استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی۔