3 ٹرانسپورٹ اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم

 3 ٹرانسپورٹ اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ۔۔۔

47 پل پر قائم تین ٹرانسپورٹرز اڈوں کی شہر سے باہر منتقلی کی کارروائی تیز کرنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ اڈا مالکان کو ضابطے کے مطابق تین نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، قانون کے مطابق اگر اڈے چھ ماہ کے اندر منتقل نہ کیے گئے تو ان کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے ، اس مدت کا ڈیڑھ ماہ پہلے ہی گزر چکا ہے ۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ان اڈوں کی منتقلی سے فلائی اوور تا یونیورسٹی روڈ ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور عوام کو سہولت میسر آئے گی۔ اجلاس میں لاہور روڈ کی خوبصورتی کے لیے بھی مختلف اقداما ت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ٹائم لائنز کے ساتھ ذمہ داریاں سونپی گئیں۔اندرون شہر سڑکوں کے پیچ ورک سے متعلق بتایا گیا کہ ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، جبکہ محکمہ ہائی ویز کو فوری پیچ ورک کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اجلاس میں صفائی کے حوالے سے جاری \\\"ستھرا پنجاب مہم\\\" کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو تحصیل سطح پر رپورٹ تیار کرنے اور آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ناقص کارکردگی کے حامل ٹھیکیداروں کو جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ غیر قانونی رعایت دینے کی صورت میں مانیٹرنگ اسٹاف کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا عندیہ بھی دیا گیا۔کمشنر جہانزیب اعوان نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ مون سون سے قبل تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔ ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینری کو فنکشنل رکھا جائے ، بجلی کے متبادل انتظامات کیے جائیں اور عملے کے لیے حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں