’’میری ڈیجیٹل دنیا‘‘ پروگرام ،43خواتین میں کمپیوٹرزتقسیم

’’میری ڈیجیٹل دنیا‘‘ پروگرام ،43خواتین میں کمپیوٹرزتقسیم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، \"چیف منسٹر اسکلڈ پنجاب انیشی ایٹو’’ اسی وژن کی عملی تعبیر ہے۔

وہ مقامی ہال میں’’میری ڈیجیٹل دنیا‘‘ پروگرام کے تحت تعلیم یافتہ دیہی خواتین میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی تقسیم کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں مجموعی طور پر 43 دیہی خواتین کو جدید ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز دیے گئے تاکہ وہ آن لائن فری لانسنگ، آئی ٹی، اور دیگر ڈیجیٹل ہنر سیکھ کر اپنے معاشی مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ پروگرام پورے صوبے میں مرحلہ وار جاری ہے ، جس کا مقصد دیہی خواتین کو خود مختار بنانا اور ڈیجیٹل معیشت میں ان کا کردار بڑھانا ہے ۔ مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیا گیا یہ منصوبہ صرف کمپیوٹرز کی تقسیم نہیں بلکہ ایک سوچ کی تبدیلی کی علامت ہے ۔ ہم اپنے نوجوانوں کو خیرات نہیں، ہنر دے رہے ہیں، تاکہ وہ دوسروں کے محتاج نہ ہوں بلکہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر دوسروں کے لیے مثال بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل مہارت روزگار کی کنجی ہے اور حکومت پنجاب چاہتی ہے کہ ہر نوجوان اس کنجی کا مالک بنے ۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر زور دیا کہ \"میری ڈیجیٹل دنیا\" جیسا منصوبہ نہ صرف نوجوانوں کی زندگی بدل رہا ہے بلکہ پنجاب کو ایک ترقی یافتہ اور باہنر معاشرہ بنانے کی سمت میں اہم قدم ہے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 78 سالوں سے خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کی صرف باتیں کی گئیں جبکہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عملی اقدامات کیے ہیں۔ پنجاب میں ہزاروں طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دہے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے نو جوانوں کو ٹولز اور ٹرینگ نہیں دینگے اس آئی ٹی دور میں دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ۔ ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ پڑھی لکھی دیہی خواتین کو ڈیجیٹل مارکیٹ کا راستہ دکھا کر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ ٹاسک فورس رواں سال ایک ہزار دیہی خواتین کو جدید ڈیسک ٹاپ اور تربیت فراہم کر رہی ہے جبکہ اگلے سال یہ تعداد دگنی ہو جائے گی۔ تقریب میں ڈیسک ٹاپ وصول کرنے والی خواتین میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ کئی خواتین نے بتایا کہ اب وہ فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور دیگر آئی ٹی شعبوں میں کام کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔ کچھ نے اسے اپنی زندگی کا نیا آغاز قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں