ڈی ایچ کیو ہسپتال سے 1لاکھ،60ہزار کی بیڈشیٹس چوری
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد میں سیکورٹی اہلکاروں کی فوج ظفر موج کے باوجود ایک لاکھ61ہزارروپے مالیت کی بیڈ شیٹس چوری ہو گئیں۔۔۔
ہسپتال انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کرانے اور ذمہ داران کو بے نقاب کر کے عبرت کا نشان بنا ے کی بجائے نقصان پورا کرنے کیلئے ہسپتال میں تعینات چارج نرسز سے جرمانوں کی وصولی کا نادر شاہی فرمان جاری کر دیا ، ستم ظریفی یہ ہے جرمانوں کی زد میں آنیوالی وہ نرسز بھی شامل ہیں جو گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے رخصت پر ہیں، ہسپتال انتظامیہ کے حکمنامے کے مطا بق بیڈ شیٹس کا نقصان پورا کرنے کیلئے ہر چارج نرس کی تنخواہ میں سے 3220روپے کٹوتی کی جائے گی۔ ضلع خوشاب کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ کا یہ ناروا فیصلہ قرین انصاف نہیں ، انہوں نے واقعہ کی تحقیقات کرانے اور ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے اس سے ریکوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔