ڈپٹی کمشنر کا کنٹرول روم کا دورہ ، عملہ کو الرٹ رہنے کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع بھر میں امن و امان کی فضائبرقرار رکھنے اور سکیورٹی امور کی ۔۔۔
موثر نگرانی کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول روم کا ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم اس جدید کنٹرول روم میں محرم کے جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی براہ راست مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں،مانیٹرنگ سسٹمز اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ عاشورہ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے نظام پر ہمہ وقت نظر رکھی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس، پاک فوج، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کنٹرول روم کا عملہ24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ ڈی سی نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کریں۔