کمشنر سرگودہا اور آ ر پی او کا تحصیل کوٹمومن کے نواحی گاوں کا دورہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان نے نو محرم الحرام کے۔۔
سلسلے میں تحصیل کوٹمومن کے نواحی گاوں دوداہ کا دورہ کیا اور جلوس کے روٹ و سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران کمشنر اور آر پی او نے جلوس کے منتظمین، علماکرام اور اہل علاقہ سے ملاقات کی اور امن و ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولیات کو ہر ممکن حد تک موثر بنایا جائے ۔کمشنر جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے ، واک تھرو گیٹس اور دستی میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے داخلی و خارجی مقامات پر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی، متبادل راستوں کے انتظام اور مناسب لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں۔ انہوں نے پولیس، ریسکیو 1122 اور میونسپل اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی۔