لوکل گورنمنٹ کے ہسپتال، ڈسپنسری ،رورل ڈسپنسریاں ٹھپ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)غریب عوام کو مفت میڈیکل سہولتیں دینے والے لوکل گورنمنٹ کے ہسپتال، ڈسپنسری اوررورل ڈسپنسریاں حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔۔۔
جس سے مستفید ہونے والے عوام سہولتوں سے محروم ہوکر رہ گئے ہیں ذرائع کے مطابق 3دہائیوں سے بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ ختم ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے علاج کے لیے آنے والے غریب مریضوں کو دشواری پیش آرہی ہے اس وقت رہ جانے والے ماتحت ملازمین کو ڈیوٹیاں مختلف جگہوں پر دینا پڑ رہی ہے جبکہ ادویات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں، سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع جنرل ہسپتال جس سے اپ گریڈ کر کے کروڑوں روپے خرچ کے گئے تھے جہاں سے ماہانہ پانچ ہزار سے زائد مریض مستفید ہوتے تھے اور محکمہ سوشل ویلفئیر ویکسین اور بچوں کوحفاظتی ٹیکے بھی لگائے جاتے تھے اب عمارت میں دیگر دفاتر بنا دیے گئے ہیں ضلع سرگودھا میں واقع ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی مجموعی طور پر 25رورل اور3اربن ڈسپنسریاں عدم توجہی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں عملہ کی شدید کمی کی وجہ سے متعدد عمارت کھنڈرات اور قبضہ مافیا نے قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے ۔