کمشنر اور آر پی او متحرک رہے ،خوشاب کا دورہ،چیکنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم عاشور کے موقع پر کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان خوشاب پہنچے۔۔۔
جہاں انہوں نے مرکزی جلوس کے روٹ، جامع مسجد خوشاب اور چھتری چوک سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی، صحت و امدادی سہولیات اور ٹریفک پلان کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ آج کا دن انتہائی حساس ہے ، تمام ادارے الرٹ رہ کر اپنے فرائض انجام دیں تاکہ جلوس کے شرکاء کو مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز سے نگرانی کی جا رہی ہے ، داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز لگائے گئے ہیں۔ سول ڈیفنس کے رضاکار جلوس کے ساتھ تعینات ہیں اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی ایمبولینسز اور فائر وہیکلز سمیت موجود ہیں۔ محکمہ صحت نے موبائل میڈیکل ٹیمیں اور فسٹ ایڈ پوائنٹس قائم کیے ہیں جبکہ ایس ڈبلیو ایم سی نے صفائی، چونے کے چھڑکاؤ اور جراثیم کش سپرے کے ذریعے جلوس کے راستے کو مکمل صاف رکھا ہے ۔ دریں اثنا کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر نے تحصیل شاہپور میں عاشورہ محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں عزاداروں کو فراہم کی گئی سہولیات، جلوس کے روٹ، سکیورٹی انتظامات اور صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔