سڑکوں پر نصب کروڑوں روپے کے جدید سگنلز ناکارہ ، ٹریفک مسائل ، حادثات میں اضافہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا کی سڑکوں پر نصب کیے جانے والے جدید ٹریفک سگنلز کروڑوں روپے لاگت کے باوجود ناکارہ ہو چکے ہیں۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا ہے بلکہ حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔۔۔
سرگودھا شہر کی اہم شاہراہوں پر لگائے گئے ٹریفک سگنلز انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث غیر فعال ہو چکے ہیں۔ ٹریفک کنٹرول کے بجائے اب یہ سگنلز محض آہنی کھمبے بن کر رہ گئے ہیں۔ اس صورتحال میں شہریوں کو خود ہی اندازہ لگا کر سڑک پار کرنا پڑتا ہے یا پھر حادثات کا شکار ہونا پڑتا ہے جگہ جگہ قائم تجاوزات بھی ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کرتی ہیں، دوسری طرف ٹریفک پولیس کا سارا فوکس ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے چالان کے کوٹے پورے کرنے پر ہے ۔ اہلکار مختلف چوکوں پر شہریوں کو روک کر چالان کرتے نظر آتے ہیں، مگر سگنلز کی بحالی یا ٹریفک کے بہاؤ پر توجہ نہیں دی جاتی۔ شہرمیں بڑھتی ہوئی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد کے ساتھ ساتھ ٹریفک نظام میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔