اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ کا محکمہ زراعت کے دفتر کا اچانک دورہ
کلورکوٹ (نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ عارف انجم نے گزشتہ روز محکمہ زراعت کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔
اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان ریلیف پیکیج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ان کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 400 ارب روپے کے خصوصی کسان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق کسانوں میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے چیکس کی تقسیم کے عمل، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ کسانوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ اس موقع پر عارف انجم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق زرعی شعبے کی بحالی اور کسانوں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ کسان ریلیف پیکج کا مقصد کسانوں کو معاشی سہارا دینا، فصلوں کی پیداوار میں بہتری لانا اور دیہی معیشت کو مضبوط کرنا ہے ۔ دورے کے دوران محکمہ زراعت کے دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو جاری اسکیموں اور کسانوں کی رجسٹریشن سے متعلق بھی آگاہ کیا۔