ناقص کارکردگی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف ایکشن

ناقص کارکردگی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کیخلاف ایکشن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع بھر مین پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کی صورتحال غیر تسلی بخش قرار جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف وسیع پیمانے پر ایکشن کا آغاز ہوتے ہی کھلبلی مچ گئی۔۔

 ، ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں ناقص کارکردگی پر دو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرنڈر کر دیا گیا، جب کہ دیگر مجسٹریٹس کی سخت سرزنش کی گئی، ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کارکردگی میں بہتری نہ لانے والے افسروں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس طلب کرنے اور انہیں نئے انسپکشن اہداف دینے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر کو تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے مجسٹریٹس کی کارکردگی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر طلب کر کے انہیں بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو دفتری کارڈز جاری کیے جائیں اور فیلڈ میں انسپکشن کے دوران وہ یہ کارڈز لازمی پہنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی رکھنے والے مجسٹریٹس کو ضلع سے فوری طور پر سرنڈر کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے 77 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول کو مؤثر بنانے کیلئے انسپکشنز میں تسلسل اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں