جماعت اسلامی کی گراس روٹ پر عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کا آغاز
میانوالی (نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) ممبرسازی کے اگلے مرحلے میں جماعت اسلامی نے گراس روٹ پر عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کا آغاز کر دیا ہے۔۔۔
گذشتہ روز اس حوالے سے وانڈھی گھنڈ والی کے تین محلوں کی عوامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد نے کی،امیر ضلع حافظ جاوید اقبال ساجد نے کمیٹیوں کے عہدیداران و ممبران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی کمیٹیاں گراس روٹ پر جماعت اسلامی کی نمائندگی کریں گی، یہ اپنے محلہ کو درپیش مسائل کو بھی اجاگر کریں گی اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی.انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس ممبرسازی مہم چلائی گئی تھی جس کے نتیجہ میں ملک بھر میں دو ملین افراد نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ حاصل کی تھی اب اگلے مرحلے میں ان ممبران پر مشتمل عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں. انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اگست کے وسط تک ضلع بھر میں سینکڑوں کمیٹیاں تشکیل پاکر اپنا کردار محلہ کی سطح پر ادا کررہی ہوں گی.انہوں نے مزید کہا کہ ہم مزید ممبرسازی کرکے ان کمیٹیوں کو وقت کے ساتھ ساتھ بلاک کی سطح پر لائیں گے ۔