ڈی سی بھکر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ،مریضوں سے ملاقات
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر(ٖ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں کو فراہم کردہ ہیلتھ سروسز کا مفصل جائزہ لیا،بالخصوص مریضوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو زور دے کر تاکید کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں دیگر شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کی دستیابی بارے دریافت کیا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احسان اﷲ خان بھی موجود تھے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی درکار سہولیات ادویات کی دستیابی اور دیگر مسائل کے حل کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔