ضلع میانوالی میں حالیہ سیلابی صورتحال کا اہم جائزہ اجلاس

 ضلع میانوالی میں حالیہ سیلابی صورتحال کا اہم جائزہ اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میانوالی میں حالیہ سیلابی صورتحال، متاثرہ علاقوں اور جاری امدادی و حفا ظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں پہاڑی نالوں سے متاثرہ علاقوں، ریلیف آپریشنز اور انفراسٹرکچر کو درپیش خطرات کا جائزہ اور بروج اور اڈوالا پلوں کی ڈی سلٹنگ، سیلابی گزرگاہوں میں آنے والے انفراسٹرکچر کے تحفظ اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں اب تک 19 موضعات متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں سے 363 افراد کو ریلیف کیمپس میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 53 مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں 23 ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سندھ میں جناح اور چشمہ بیراج کے مقام پر پانی کی آمد و اخراج کا سلسلہ جاری ہے ، جہاں کالا باغ پر اس وقت لوئر فلڈ اور چشمہ پر میڈیم فلڈ کی صورتحال ہے ۔ آئندہ دنوں میں متوقع پانی کی آمد کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں