سیلابی ایمرجنسی نافذ ،تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں:محمد وسیم
شاہپور صدر (نامہ نگار )سیلابی صورتحا ل کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر سرگودھا ریٹائر کیپٹن محمد وسیم ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شعیب اشرف نے شاہپور کا اچانک دورہ کیا۔۔۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عابد ممتاز،ڈی ایس پی چوہدری ارشد گوندل سمیت، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، آبپاشی ، سول ڈیفنس، فاریسٹ، این جی اوز و دیگر اداروں کے افسران بھی ہمراہ تھے ، انہوں نے حالیہ بارشوں اور دریائی سیلاب کے پیش نظر قبل از وقت تیاریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی پلان کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شیدید بارشوں کے باعث سیلابی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں ،اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں ،انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے دوران اداروں کے مابین فوری اور مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور باہمی مشاورت سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضروت پڑنے پر پاک فوج کی بھی مدد لی جائے گی اسسٹنٹ کمشنر شاہپور ڈاکٹر عابد ممتاز نے کہا کہ علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے ۔اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نشیبی اور متاثرہ علاقوں کا رخ نہ کریں۔